بورڈز کے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں، شفقت محمود

کیمبرج سمیت تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب  ملک بھر کے بورڈز  کے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں، اس میں کسی کو کوئی مخمصہ نہیں ہونا چاہیے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ملک بھر میں 80 فیصد طلباء کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ ودوبارہ امتحان دینے، نمبر بہتر کرنے، اور پرائیویٹ امتحان دینے والے طلباء کی کیٹیگریز ہیں جن کے مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے اور یہ مسئلہ جمعہ  تک حل ہو جائے گا۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

7 مئی کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام بورڈز کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کے بعد وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا تھا کہ قبل ازیں 13 مئی کو تعلیمی ادارے کھولنے جب کہ جون اور جولائی میں امتحانات لینا کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہونے کے سبب ایسے فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا، ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

وزیرتعلیم نے بتایا تھا کہ اگلی جماعت میں پروموشن گزشتہ نتائج اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔ خیال رہے کہ حکومت26مارچ کو تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شفقت محمود نے کہا تھا کہ چھٹیوں کوموسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے۔ اگر کورونا وائرس کا مسئلہ حل ہوگیا تو تعلیمی ادارے جون میں دوبارہ کھل جائیں گے۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا تاہم ٹرانسپورٹ کے متعلق صوبوں اور وفاق میں اتفاق نہیں ہو سکا۔

وفاقی وزیراسد عمر نے بتایا تھا کہ دکانیں سحری سے شام 5بجے تک کھلی رہیں گی تاہم رات کو دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام چھوٹے کاروبار اور دکانیں ہفتے میں 2دن بند کیے جائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں