‎امریکی نیشنل گارڈ کے سربراہ کا کورونا ٹیسٹ بیک وقت منفی اور مثبت آیا


‎امریکی نیشنل گارڈ کا سربراہ بیک وقت کورونا ٹیسٹ منفی اور مثبت آنے پر پریشان ہو گئے

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ‎داخلی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے امریکی فوج اور سول حکومت کا ساتھ دینے والی ایئر فورس نیشنل گارڈ کے چیف جنرل جوزف ایل لنگیال نے 9 اور 10 مئی کو اپنا کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، جو ایک لیباریٹری سے مثبت جبکہ دوسری سے منفی آیا۔

رپورٹ کے مطابق اب 11 سے 12 مئی کے درمیان تصدیق کے لیے جنرل جوزف ایل لنگیال کا تیسرا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے کے نیشنل گارڈ کے ایک ہزار کے قریب اہلکار بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ امریکی بری، بحری و فضائی فوج کے بھی درجنوں اہلکار کورونا کا شکار بن چکے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق امریکی چیف آف نیول آپریشنز مائک گلڈے اپنی فیملی میں ایک کورونا مثبت شخص سے  ملے تھے، تاہم ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے، جس کے بعد وہ آئیسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے 2 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد جاں بحق

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 67 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 80 ہزار سات سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ 98 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 84 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 15 لاکھ سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ کے بعد برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار 8 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں