یہ وقت سیاست کا نہیں، ملک بہت مشکلات میں گھرا ہوا ہے، بلاول



اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب پاکستان میں کورونا کی وبا آئی تو ہم نے وزیراعظم کوتعاون کی پیشکش کی مگر اس کےبدلےمیں وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ اور سندھ کےلوگوں کی کردارکشی شروع کر دی گئی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس ملک کے وزیرصحت بھی ہیں لیکن وہ آج اسمبلی میں موجود نہیں،ان کی ذمہ داری ہےکہ قوم کو کورونا پر بریف کریں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھرقومی یکجہتی کی ضرورت ہے،وزیراعظم عمران خان صرف پی ٹی آئی کےنہیں بلکہ پورےملک کے وزیراعظم ہیں۔

بلاول کو سندھ پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ

انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ نے اپنی تقریر میں سندھ اور18ویں ترمیم کونشانہ بنایا،مانتےہیں اس ترمیم کےبعد صوبوں کو زیادہ وسائل ملے مگر صوبوں کا موجودہ بجٹ صحت کےشعبےکیلئےکافی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مانتاہوں ٹیسٹنگ صلاحیت میں خطےکےمقابلےمیں پاکستان کے اندر اضافہ ہوا ہے اور اس کا کریڈیٹ صوبوں بالخصوص سندھ کوجاتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ اورخیبرپختونخوا نے ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانےکیلئےصوبائی وسائل استعمال کیے، خیبرپختونخوا کے وزیرصحت اور دیگرعملےنےبہت محنت کی جس پر سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ملک بہت مشکلات میں گھرا ہوا ہے، ہمیں ہیلتھ سسٹم اورمعیشت کی بہتری کیلئےکام کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کیا وزیراعظم یہ کہہ سکتےہیں کہ جنگ کا مقابلہ خود کرو ہم آپ کوہتھیار نہیں دیں گے؟

انہوں نے کہا کہ جتنے بیانات ہم ایک دوسرے کے خلاف دیتے ہیں اس کو کورونا وائرس کی آگاہی کے لیے دیں تو فائدہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں