اسلام آباد: تمام مراکز کی دکانیں مشروط طور پر کھولنے کی اجازت


اسلام آباد: اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے تمام مراکز کی دکانوں کومشروط طور پر کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں پیر سے جمعے تک ہفتے میں 5 دن کھلی رہیں گی۔ تمام دکانیں سحری سے شام 5 بجے تک کھلی رکھنےکی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  تاجراور ٹریڈ یونین ایس اوپیز پرعملدرآمد کرنے کے ذمہ دارہوں گے۔ ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر دوکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ  نے پکنک اسپاٹ شاہ اللہ دتہ کےعلاقے کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے کورونا کے خدشے کے پیش نظر شاہ اللہ دتا کو سیل کیا تھا۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے مطابق شاہ اللہ دتہ میں 140 مشتبہ افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔

اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق شاہ اللہ دتہ کےعلاقےکو ڈی سیل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔

ڈپٹی کمشنراسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق لوگوں کو سماجی فاصلے، ماسک سمیت تمام ایس اوپیز کو فالو کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا شکارمریض بھی صحت یاب ہورہے ہیں۔ کورونا کے کسی مریض کو اسپتال کی ضرورت نہیں پڑی۔

پچھلے ماہ 22 اپریل کو اسلام آباد انتظامیہ نے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد شاہ اللہ دتہ اور اس سے ملحقہ آبادی کو سیل کر دیا تھا۔

اس ضمن میں ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ضلعی محکمہ صحت کے مشورے پر علاقے کو سیل کیا گیا، جبکہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور اسپرے بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق شاہ اللہ دتہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں