وزیراعلیٰ پنجاب کی گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم خریداری کا ہدف ہرصورت پورا کریں۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ غیرمعمولی حالات میں ہمیں فوڈ سیکیورٹی کو ہرصورت یقینی بناناہے۔ پنجاب حکومت اب تک 32 لاکھ 50 ہزارمیٹرک ٹن گندم خریدچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کے پاس گوداموں میں مجموعی طور پر 35لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ 91 فیصد سے زائد باردانہ  کاشتکاروں میں تقسیم کیا جاچکا ہے۔ گندم خریداری مہم کا تقریباً 73 فیصد ہدف حاصل ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہدف کے حصول تک گندم خریداری مہم جاری رکھے گی۔ کورونا وبا کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ موجودہ حالات کو مدنظررکھ کرغیرمعمولی اقدامات کرناہوں گے۔

گزشتہ ہفتے  پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے دوران 5 ہزار 760 بوری گندم برآمد ہوئی۔

اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مطابق ماچھی گوٹھ کے قریب گودام میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے ہزاروں کی تعداد میں ذخیرہ کی گئی گندم کی بوریاں برآمد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو ذخیرہ اندوذی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے، بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے وار سے غریب کا جینا ہوا دشوار

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید تیز اور موثر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس میں گندم ، پیاز ، ٹماٹر اور دیگر اشیا کی مشرقی و مغربی سرحدوں کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں