کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کل تک مؤخر

پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ میں جاری مختلف منصوبے روک دیئے گئے


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کل تک موخر کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق چیف سلیکٹرمصباح الحق نے قومی کھلاڑیوں کی فہرست چیئرمین پی سی بی کے حوالے کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قومی کھلاڑیوں کےسنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل کیا جائے گا۔

اس ضمن میں پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ میں ترجیح دی جائے گی اور بورڈ اس بار کھلاڑیوں کےمعاوضے میں اضافہ کے بارے میں  بھی سوچ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔ کوشش ہوگی سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں تاہم ابھی تک قومی کرکٹرز کی کیٹگریز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔

وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی، تاہم ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیں گے، سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے پر ابھی تبادلہ خیال ہونا ہے، جبکہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے۔

چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ پی سی بی کی اگلے مالی سال کے لیے پوزیشن مستحکم ہے، اس کے بعد کرکٹ نہ ہوئی تو مسائل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر بات ہوگی ۔

وسیم خان کاکہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا، اسےجاری رکھیں گے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے حکمت عملی بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بتایا کہ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بجٹ بنا لیا ہے، اسپانسرز کے لیے کوشاں ہیں،مزید ایک سال کے لیے ہم ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کر سکتے ہیں، آئندہ سیزن کیلئے مشکل ہوگی ۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپانسرز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، کورونا کی وجہ سے سیزن کے التواء سے متعلق پلان بنا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں