’ پاکستان میں کورونا کے پھیلاوَ کی رفتار دیگر ممالک سے مختلف اور کم ہے ‘



اسلام آباد: وزیراعظم کے فوکل پرسن برائےکورونا ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاوَ کی رفتار دیگر ممالک سے مختلف اور کم رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اعدودوشمار کے مطابق کورونا کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئےلاک ڈاوَن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگر نمبرز بڑھتے ہیں تو فیصلوں پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 724 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 32 ہزار 674 تک پہنچ گئی.

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 593 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 18 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 555 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

سندھ میں کورونا کے اب تک 12,610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 11 ہزار 869، خیبرپختونخوا 4,875، بلوچستان 2,061، اسلام آباد 716، آزاد کشمیر 86 اورگلگت بلتستان میں 457 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 257 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 200، پنجاب میں 211، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 10 ہزار 957  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 3 لاکھ 05 ہزار851  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تین ادویات کا امتزاج کورونا سے جلد صحت یاب ہونے میں مدد دیتا ہے، رپورٹ

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی اور تادم تحریر اموات کی تعداد 706 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں