اداکارہ میرا خصوصی طيارےسے پاکستان پہنچ گئیں

امريکہ ميں پھنسی اداکارہ میرا خصوصی طيارےسے پاکستان پہنچ گئیں

فوٹو: ہم نیوز


کورونا وائرس سے پريشان اور امريکہ ميں پھنسی اداکارہ میرا خصوصی طيارے کے ذريعے واشنگٹن سے پاکستان واپس پہنچ گئی ہیں۔

لاہور پہنچتے ہی اداکارہ کو نجی ہوٹل میں قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اداکارہ ميرا سميت ڈيڑھ سو پاکستانی امريکہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچے ہیں۔

ڈاکٹرز کے معائنے اور کلیئرنس کے بعد میرا کو ہوٹل سے گھر منتقلی کی اجازت دی جائے گی۔ اداکارہ میرا نے چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپسی کے لیے اقدامات کی اپیل کی تھی۔

نیویارک میں قیام کے دوران پاکستانی اداکارہ میرا نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ حکومت ان کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرے۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی ہوں کہ میری وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ میں اپنے وطن آکر مرنا چاہتی ہوں۔

ویڈیو میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیویارک میں ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ہمراہ شوز کے سلسلے میں اور فلم کی شوٹنگ کے لیے گئی تھیں۔

‘میرے تمام کولیگز واپس جا چکے ہیں اور میں نیویارک میں پھنس گئی ہوں۔ میرے پاس کوئی سیونگز نہیں ہیں، میرا گزارا مشکل ہوگیا ہے۔’  ان کا کہنا تھا کہ نیو یارک ایک قبرستان بنتا جا رہا ہے، جہاں ہر روز اموات ہو رہی ہیں۔ ‘موت سب کو آنی ہے لیکن میں کسی غیر ملک میں نہیں مرنا چاہتی۔’

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سبب ممالک کے درمیان فضائی رابطے ختم ہونے سے لاکھوں پاکستانی دوسرے ملکوں میں پھنس گئے تھے۔ حکومت نے دنیا بھر سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلیے خصوصی فلائٹس کا سلسلہ شروع کیا ہے۔


متعلقہ خبریں