سعودی عرب نے عیدالفطر پر مکمل کرفیو کا اعلان کر دیا

سعودی عرب نے عیدالفطر پر مکمل کرفیو کا اعلان کر دیا

ریاض: سعودی عرب نے عید الفطر پر 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کر دیا۔

سعودی وزارت داخلہ نے 23 سے 27 مئی تک مکمل کرفیو کا اعلان کیا جبکہ سعودی حکومت نے جزوی کرفیو میں 22  مئی تک توسیع کر دی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے شام 5 بجے سے صبح 6 بجے تک بدستور کرفیو جاری رہے گا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق آخری روزے سے عید کی چھٹیوں کے 4 دن 24 گھنٹے کا کرفیو ہو گا۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 911 نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 42 ہزار 925 ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مریضوں میں 31 فیصد مقامی شہری جبکہ 69 فیصد غیر ملکی ہیں۔

دو ہفتے قبل سعودی عرب نے 24 گھنٹے کے کرفیو میں نرمی کر دی تھی۔ کرفیو میں نرمی صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کے لیے کی گئی تھی۔ اس دوران لوگ شہر کے اندر ہی سفر کر سکیں گے۔

مکہ مکرمہ میں کرفیو کے دوران کوئی نرمی نہیں کی گئی اور وہاں کرفیو بدستور 24 گھنٹے ہی جاری تھا۔

سعودی حکام کے مطابق کرفیو میں نرمی 20 رمضان المبارک تک رہے گی جبکہ سعودی عرب میں شاپنگ مالز اور مارکیٹ بھی 29 اپریل سے 13 مئی تک کھولی جائیں گی۔

سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں جبکہ کرفیو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 43 لاکھ 42 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: امریکہ کے نائب صدر قرنطینہ میں چلے گئے

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 16 لاکھ 02 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 08 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 83 ہزار 8 سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں