ایران: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد کھولنے کا اعلان

ایران: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد کھولنے کا اعلان

تہران: ایران میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں کے لیے ملک بھر کی تمام مساجد کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ٹیلی ویژن خطاب کے دوران ایران کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے سے 3 روز تک شب قدر کی طاق راتوں میں مساجد رات بارہ بجے سے دو بجے تک کھولی جائیں گی۔

وزیر صحت نے خبردار بھی کیا کہ یہ سمجھنا کہ کورونا وائرس ختم ہوگیا ہے سب سے بڑی غلطی ہوگی اور کہا کہ کسی بھی بے احتیاطی کی صورت میں برا وقت پلٹ کر واپس آسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے استعمال شدہ اشیا لندن میوزیم کا حصہ بننے لگیں

ایرانی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ عبادات کے وقت سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 43 لاکھ 42 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 16 لاکھ 02 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 08 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 83 ہزار 8 سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: امریکہ کے نائب صدر قرنطینہ میں چلے گئے

اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 69 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 21 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 9 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 32 ہزار 6 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

فرانس میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پابندیاں ہٹانےمیں جلدبازی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، کینیڈین وزیراعظم

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 738 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 894 سے تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ 41 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 733 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ  10 ہزار 767 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں