کورونا وائرس پھیلانے والے پر جرمانہ عائد ہوگا، سندھ میں آرڈیننس منظور

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وبائی امراض ایکٹ 2014 کے ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے۔

آرڈیننس کے مطابق کسی ادارے ميں متاثرہ فرد کی وجہ سے وائرس پھيلا توجرمانہ ہوگا۔ جرمانہ وائرس پھيلانے والے کورونا کےمريض يا ادارے پرعائد کيا جائے گا۔

متن میں درج ہے کہ جرمانہ کم سے کم 2لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے تک ہوگا۔ فرد یا ادارے کی طرف سے مسلسل خلاف ورزی پر جرمانے کی شرح میں اضافہ ہوگا۔

آرڈیننس کا مسودہ 27 اپریل کو سندھ کابینہ اجلاس میں منظورکیا گیا تھا جس پر گورنر سندھ نے دستخط کر دیئے ہیں۔ سندھ اس قسم کا آرڈیننس منظور کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کوروناکیسز کی تعداد 10 ہزار سےبڑھ گئی

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 13ہزار341 ہوگئی ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس کے585 نئے کیسز سامنے آنے سے مجموعی تعداد 10ہزار120 ہوگئی ہے۔

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا وائرس سے 16 اموات ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد234 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4223 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور 731 کا زرلٹ مثبت آیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے13 ہزار 225 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا 5,021، بلوچستان 2,158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88 اورگلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 218، پنجاب میں 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔


متعلقہ خبریں