تاحیات نااہلی فیصلہ: آج آزمائش کا دن ہے، شہباز شریف

تاحیات نااہلی فیصلہ: آج آزمائش کا دن ہے، شہباز شریف | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان اور پاکستانی قوم کیلئے ایک آزمائش کا دن ہے۔

جمعہ کے روز جاری کردہ بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے تحت پاکستان کو ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ناقابلِ تسخیر قوت بنانے والے ایسے قومی رہنما کو ملک و قوم کی خدمت سے روکا گیا ہے جسے پاکستان کے عوام تین مرتبہ اپنا وزیراعظم منتخب کر چکے ہیں۔

سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم کے خلاف تاحیات نا اہلی کے فیصلے پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں، یہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت ، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ نواز شریف جیسے رہنما اپنی جماعت اور عوام کی رہنمائی کیلئے کسی روایتی عہدے اور منصب کے مرہون منت نہیں ہوتے۔

یہ بھی دیکھیں: آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہو گی، سپریم کورٹ

عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محمد نوازشریف کی جماعت ان کی رہنمائی میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔


متعلقہ خبریں