واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا


اسلام آباد: دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے واپڈا نے پاور چائنا اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) پر مشتمل جوائنٹ ونچر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے۔

وزارت آبی وسائل کے اعلامیہ کے مطابق 442 ارب روپے کا ڈیم پارٹ کا ٹھیکا پاور چائنا اور ایف ڈبلیو او کے جوائنٹ وینچر کو دیا گیا۔

واپڈا کی جانب سے دیا مر بھاشا ڈیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر بشیر چوہدری اورجوائنٹ ونچر کی جانب سے ینگ جیانڈو (Yang Jiandu) نے معاہدے پر دستخط کئے۔

وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا،چینی سفیر یاؤ جنگ، وفاقی سیکریٹری آبی وسائل محمد اشرف، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)،انجینئر ا نچیف آف پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز اور ڈی جی ایف ڈبلیواو میجر جنرل کمال اظفربھی اِس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے کہا کہ آج کی یہ تقریب پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ دیا مر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز آئندہ چند ہفتوں میں ہو جائے گا۔یہ منصوبہ پاکستان میں واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

بھاشا ڈیم کی تعمیراتی کام کے آغاز کا اعلان تاریخی ہے، عاصم سلیم باجوہ

اُن کا کہنا تھا  کہ گزشتہ سال مئی میں مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کی گئی تھی جبکہ ایک سال کی قلیل مدت میں ملک میں دیا مر بھاشا ڈیم کی صورت میں ایک اور بڑے کثیر المقاصد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کیا جارہا ہے جس کی پاکستان کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔

اِس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)نے کہا کہ دیا مر بھاشا ڈیم ملک کی اقتصادی ترقی اور معاشرتی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اُنہوں نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ واپڈا اِس اہم منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرے گا تاکہ ملک میں پانی اور بجلی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 1406.5 ارب روپے ہے اور یہ 2028 میں مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دیا مربھاشا ڈیم کی مجموعی لاگت میں زمین کی خریداری، متاثرین کی آباد کاری، مقامی لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات پر مبنی منصوبے، مین ڈیم اور بجلی گھروں کی تعمیر شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4500 میگاواٹ ہوگی۔

چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ہر سال نیشنل گرڈ کو 18 ارب10 کروڑ یونٹ کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا۔

تقریب سے پاکستان میں متعین چینی سفیر یاؤجنگ، انجینئر انچیف آف پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجازاور چیئرمین پاور چائنا یان زی یونگ نے بھی خطاب کیا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا کی جانب سے قبل ازیں دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے کنسلٹنسی سروسز کا کنٹریکٹ بھی ایوارڈ کیا جاچکا ہے۔

27 ارب18 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا یہ کنسلٹنسی سروسز کنٹریکٹ دیا مر بھاشا کنسلٹنٹس گروپ نامی ایک جوائنٹ ونچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں