وزیرصنعت پنجاب مارکیٹوں میں رش اورایس اوپیزکی خلاف ورزی پر پریشان


لاہور: وزیرصنعت پنجاب میاں اسلم اقبال مارکیٹوں میں رش اورایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پریشان ہو گئے۔

بانو بازار،انارکلی بازار،نیلا گنبد کی ملحقہ مارکیٹوں کا دورہ کرنے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگرصورتحال یہی رہی توایک دو روز میں سخت ترین فیصلےکرنے پڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹےدکانداروں کی اکثریت نےایس اوپیزکاخیال نہیں رکھا، اکثردکانوں کےباہرنہ سینی ٹائزرہیں نہ ہی گاہک کی صحیح طرح رہنمائی کی جارہی ہے۔

تاجروں نے پیسوں کی خاطر شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا دی، میاں اسلم اقبال

انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں کا جائزہ لینےکیلئےنکلا ہوں، ایس اوپیزکی خلاف ورزی پرآج رات جامع رپورٹ بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹیں کھولنےکےحق میں تھا لیکن موجودہ صورتحال نےانتہائی پریشان کیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاجروں نے پیسوں کی خاطر شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کےکہنے پر مارکیٹیں کھلوا دیں لیکن حالات خطرناک ہیں، مارکیٹوں میں تاجر ملازمین کے ٹیسٹ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرایس اوپیز پرعمل نہ کیا تو دوبارہ لاک ڈاوَن سےنہیں بچا سکتا، بچوں کو بازاروں میں مت آنےدیں، داخلی راستوں پر گارڈز کھڑے کریں۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے نرمی کے بعد لاک ڈاؤن فیز ٹو کا آغاز ہو گیا ہے۔

ڈیڑھ ماہ سے جاری لاک ڈاؤن میں حکومت نے نرمی کر دی گئی ہے۔ کپڑے جوتے، چوڑیاں، زیوارات، حجام اور درزی کی دکانیں کھل گئی ہیں۔

لاک ڈاؤن کے فیز ٹو کے دوران چھوٹی مارکیٹس کو کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔

گارمنٹس اور جوتوں کی دوکانیں، شعبہ تعمیرات سے منسلک تمام کاروبار، الیکٹرونکس مصنوعات کے بازار، پیر سے جمعرات تک صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک کھلے رہیں گے۔ حجام اور جمنیزیمز کو بھی انہیں اوقات میں کھلا رہنے کی اجازت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا9مئی سے لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

کاربار کھولنے سے قبل حکومتی ہدایت نامہ بھی دیا گیا ہے جس کے تحت دکاندار اپنی دوکانوں میں زیادہ رش نہ کریں، سماجی فاصلہ کے اصول پر عملدرآمد اور دوکانوں میں سینیٹائزرز کا موجود ہونا یقینی بنایا جائے۔

ایس او پیز کے تحت کاروباری مراکز میں عملہ محدود رہے گا، سارے عملے کے لیئے گلوز اور ماسکس پہننا بھی ضروری ہو گا۔

تمام گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، کریانہ شاپس، بیکریز، آٹا چکی، دودھ، دہی اورگوشت کی دکانیں، سبزی و پھل منڈی، اجناس منڈی، مویشی منڈی، تندور، نان بائی اور آٹو ورکشاپس صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ہفتہ کے ساتوں دن کھولنے کی اجازت ہو گی۔


متعلقہ خبریں