دو سینیٹرز اور ایم کیوایم کی رکن سندھ اسمبلی میں کورونا کی تصدیق



کراچی: سینیٹ کے دو ارکان سینیٹر مولانا عطا الرحمان، سینیٹر فدا محمد اور متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیوایم) کی رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ نے دونوں سینٹرز کو اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔

دوسری جانب رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے شوہرنےحال ہی میں بلوچستان کا سفرکیا تھا اور ہم دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اور میرے شوہر قرنطینہ میں ہیں۔ منگلا شرما خواتین کی مخصوص نشت پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 تک پہنچ گئی.

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,255 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 31 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 812 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

سندھ میں کورونا کے اب تک 12,610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 13 ہزار 225، خیبرپختونخوا 5,021، بلوچستان 2,158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88 اورگلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 218، پنجاب میں 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 848  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 3 لاکھ 17 ہزار 699  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں