عید: وزارت داخلہ نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے صوبوں کو مراسلہ لکھ دیا


اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے رمضان اور عید کے دوران لاک ڈاون کے ایس او پیز پر لازمی عملدرآمد کیلئے صوبوں کو مراسلہ لکھ دیا۔

اس حوالے سے وزارت داخلہ نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور کمشنر اسلام آباد کو ایس او پیز پر عمل کیلئے مراسلہ جاری کردیا ہے۔

جاری مراسلہ کے مطابق ایس اوپیز پر گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے اجلاس میں بھی مشاورت کی گئی تھی

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق پہلے سے لاک ڈاون کے حوالے سے طے کردہ تراویح کیلئے ایس او پیز کا رمضان کے آخری عشرے اور عید کی نماز پر بھی اطلاق ہوگا۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر دی

وزارت داخلہ نے مراسلہ میں کہا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں طے کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ایس اوپیز کو عمل کیا جائے۔

وزارت داخلہ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ 9 مئی کے بعد لاک ڈاون کے حوالے سے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق آخری عشرہ رمضان اور یوم علی (رضی اللہ تعالیٰ) کے جلوسوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی.

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 737 ہو گئی جبکہ اس مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 336 تک پہنچ گئی.

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,255 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 31 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 812 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے اب تک 12,610 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 13 ہزار 225، خیبرپختونخوا 5,021، بلوچستان 2,158، اسلام آباد 759، آزاد کشمیر 88 اورگلگت بلتستان میں 475 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 267 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 218، پنجاب میں 214، بلوچستان 27، اسلام آباد 06 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔


متعلقہ خبریں