پی آئی اے بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتیں واپس لا رہی ہے، ترجمان

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ بیرون ملک وفات پانے والے ہم وطنوں کی میتیوں کو واپس لارہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پاکستانیوں کی میتیوں کی منتقلی کی خدمات مفت سرانجام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپین میں کورونا وائرس سے وفات پانے والے 3 افراد کی میتیں آج  لاہور پہنچائی گئیں۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارسلونا سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 8770 کے ذریعے میتیوں کو وطن لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی سعودی عرب کیلیے پروازوں کا شیڈول جاری

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

پی آئی اے کی پرواز آج ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔

ہفتہ کے روز پی آئی اے کی ایک اور پرواز مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔

18 مئی کو پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 250  پاکستانیوں کو فیصل آباد لائے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کے لیے آپریٹ ہو گی۔

خیال رہے کہ پی آئی اے نے مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کر دی ہے۔

پی آئی اے حکام کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب، مسقط اور عمان کی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا۔

حکام نے کہا کہ یہ پابندی کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت عائد کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ساتھ زیادتی: پی پی نے آواز بلند کر دی

پی آئی اے کی مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی بندش کے احکامات فلائٹ سروسز کی جانب سے جاری کیے گئے۔

قومی ایئر لائن کے حکام کا کہنا ہے کہ دوران پرواز مسافروں کو پانی ، سافٹ ڈرنک اور جوس فراہم کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں