کورونا مریض کی ہلاکت: لواحقین کا جناح اسپتال کراچی میں توڑپھوڑ


کراچی: جناح اسپتال کراچی میں کورونا کے مریض کی ہلاکت کے بعد مشتعل لواحقین نے احتجاج کیا اور اسپتال میں توڑپھوڑ کردی۔

ذرائع کے مطابق کورونا مریض کی ہلاکت کے بعد لاش حوالے کرنے میں دیر کرنے پر لواحقین کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔

جناح اسپتال کراچی کی انچارج ڈاکٹرسیمی جمالی نے کا کہنا ہے کہ 20 سے زائد افراد نے مختلف وارڈز میں گھس کرتوڑ پھوڑکی۔ مشتعل افراد نےاسپتال کےعملے پر بھی تشدد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کے مریض کے انتقال پر ڈی ایچ او کو آگاہ کیاجاتاہے۔ کورونا کے مریض کی قانونی کارروائی میں دیرہوسکتی ہے۔

ڈاکٹرسیمی جمالی نے کہا کہ پولیس اوررینجرز نے متعدد افراد کوگرفتارکیاہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں توڑپھوڑکرنے کے الزام میں 6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ سے مشاورت کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 758 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ جان لیوا وبا سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 14 ہزار99 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کوروناوائرس سے اموات کی تعداد243ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 613 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ بعد شہر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 822 ہوگئی

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 788 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 770 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ نو ہزار 695 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 13 ہزار 561 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 98 ہے۔

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 252، بلوچستان میں دو ہزار 239، آزاد کشمیر میں 91 اور گلگت بلتستان میں 482 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 822 تک جا پہنچی ہے۔


متعلقہ خبریں