لیڈی ریڈنگ اسپتال: ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 77 افراد کورونا کا شکار

استعفے یا چھٹی منظوری کے بغیر چھوڑنے والے محکمہ صحت ملازمین کو مفرور قرار دینے کا فیصلہ

پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں ڈاکٹروں سمیت  طبی عملے کے 77 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کی انتظامیہ نے محکمہ صحت سے روزانہ کی بنیاد پر 830 پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹس (پی پی ای) کٹس کا مطالبہ کیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طبی عملہ کورونا وائرس کے شدید خطرات سے دوچار ہے، اسپتال میں روزانہ 65 ایمرجنسی سرجریز کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پاکستان میں متاثرین کی تعداد 37 ہزار 218ہو گئی

مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ پی پی ایز سمیت دیگر حفاظتی سامان فراہم نہ کیا گیا تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 218 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 803 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 155 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 13 ہزار 914 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 99 ہے۔

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 423، بلوچستان میں دو ہزار 310، آزاد کشمیر میں 105 اور گلگت بلتستان میں 501 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 866 تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 284 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 243، پنجاب میں 234، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔


متعلقہ خبریں