توشہ خانہ ریفرنس: عدالت نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو طلب کر لیا



اسلام آباد: توشہ خانے سے حاصل کی گئی گاڑیوں کی رقم جعلی بینک اکاؤنٹس سے ادا کرنے پر احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت بطور ڈیوٹی جج محمدبشیر نے کی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی بھی توشہ خانہ ریفرنس میں 29 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔

پراسیکیوٹرقومی احتساب بیورو(نیب) نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں:آصف زرداری، نواز شریف اوریوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنیکی منظوری

آصف زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی جعلی اکاونٹس کے ذریعے ادا کی۔ آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملی تھیں۔

نیب کے مطابق آصف زرداری نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔ سابق وزیراعظم کے متعلق نیب نے بتایا کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے۔

نوازشریف کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی اور ان گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس سے کی۔

انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے دو کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں۔ انور مجید نے آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے۔

عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کولیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کئے۔ نیب کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ دو، چار، سات اور بارہ کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا حکم دیا ہے جب کہ یوسف رضاگیلانی کو بھی 29 مئی کو طلب کیا ہے۔


متعلقہ خبریں