بین الاقوامی پروازوں پر31مئی تک پابندی برقرار


اسلام آباد: حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب31 مئی تک بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نےانٹر نیشنل فلائٹ کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی ہے۔ سی اے اے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹم جاری کیا ہے جس کے مطابق بین الاقوامی پروازیں 31مئی تک رات 11بجکر59منٹ تک بند رہیں گی۔

حکومت نے15مئی تک انٹر نیشنل فلائٹ پر پہلے ہی پابندی عائد کی تھی جس میں مزید16 دن کی توسیع کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اندرون ملک جزوی فضائی آپریشن بحال کرنے کی منظوری

نوٹم کے مطابق خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔ اس بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔ کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب مارچ میں بین الاقوامی پروازیں بند کی تھی جس کے سبب سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو پابند کے پہلے ایک ماہ کے دوران تین ارب 61 کروڑ روپے کا خطیر نقصان اٹھانا پڑا۔

مارچ کے پہلے 15 دنوں میں دو سو بارہ فلائٹس مسوخ ہوئی تھیں جس کے سبب لینڈنگ اور دیگر چارجز کی مد میں 455 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

ابتدائی طور پر مارچ 16 سے 31مارچ 2020 تک پابندی عائد کی گئی اور بعد میں ہر 15 دن پر اضافہ کیا گیا تھا۔

حکومت نے دو ماہ بعد صرف اندرون ملک جزوی فضائی آپریشن بحال کرنے کی اجازت دی ہے تاہم ان کی تعداد کم رکھی جائے گی۔

ابتدائی طور پرقومی ایئر لائن پی آئی اے اور ایک نجی ایئر لائن کو اندرون ملک جزوی فضائی آپریشن بحال کرنے کی اجازت  دی گئی ہے۔

شیڈول کے مطابق کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی اور ہفتہ وار369 پروازوں کے بجائے 68  مسافر جہاز اڑان بھریں گے۔


متعلقہ خبریں