پنجاب یونیورسٹی نے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا


لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے گریجویشن اور ماسٹرز کی سطح پر امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی خرم شہزاد کے مطابق بی اے اور بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات 22 جولائی سے شروع ہوں گے۔ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام پارٹ ٹو کے امتحانات 7 ستمبر سے شروع ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق پارٹ ٹو کا امتحان دینے والے امیدوار روایتی اور ایم سی کیوز بیسڈ آن لائن امتحان دینے کی تیاری کریں۔ 15جولائی کے بعد یونیورسٹی کھلی تو پارٹ ٹو کے امتحانات روایتی انداز میں ہو ں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ 15جولائی کے بعد یونیورسٹی بند رہنے پر پارٹ ٹو کا امتحان آن لائن ایم سی کیوز بیسڈ ہو گا۔ آن لائن امتحانات نہ دینے والوں کو یونیورسٹی کھلنے پر روایتی امتحان دینے کا موقع فراہم کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ راویتی امتحان لینے کافیصلہ حکومتی اجازت سے مشروط ہو گا۔ بی اے ،بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس کے امتحانات یکم اکتوبر سے ہوں گے۔

ترجمان خرم شہزاد  کے مطابق بی اے سائنس پارٹ ون کے سالانہ امتحانات بھی یکم اکتوبر سے ہوں گے۔ایم اے، ایم ایس سی، بی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس کے امتحانات 2 نومبر سے شروع ہوں گے۔

مزید پڑھیں: تعلیمی ادارے15جولائی تک بندرکھنے کا فیصلہ، تمام بورڈز کے امتحانات منسوخ

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق پارٹ ون کے امتحانات روایتی انداز میں منعقد تاہم حکومتی اجازت سے مشروط ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تعلیمی ادارے15جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام بورڈز کے امتحانات بھی منسوخ کیے گئے تھے۔

اجلاس کے بعد وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا  تھا کہ قبل ازیں 13 مئی کو تعلیمی ادارے کھولنے جب کہ جون اور جولائی میں امتحانات لینا کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہونے کے سبب تعلیمی ادارے بند رکھنے پڑرہے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں