سندھ میں کورونا سے مزید 12 افراد جاں بحق


کراچی: صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے باعث مزید 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ کراچی میں وبا سے مزید 535 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد میں 4 خواتین اور 8 مرد شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 11 ہزار 365 ہو گئی ہے جبکہ شہر قائد میں مزید 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 218 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 218 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 803 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 155 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 13 ہزار 914 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 99 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 423، بلوچستان میں دو ہزار 310، آزاد کشمیر میں 105 اور گلگت بلتستان میں 501 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 866 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 284 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 243، پنجاب میں 234، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار 700  ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر تین لاکھ 44 ہزار 450  ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تین ادویات کا امتزاج کورونا سے جلد صحت یاب ہونے میں مدد دیتا ہے، رپورٹ

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی۔ اب تک ملک میں 803اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں