گلگت بلتستان میں کورونا کے مزید17 کیسز سامنے آگئے

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


گلگت: گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 17 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 518 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے چار افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 218 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 803 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 155 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 13 ہزار 914 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 99 ہے۔

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 423، بلوچستان میں دو ہزار 310، آزاد کشمیر میں 105 اور گلگت بلتستان میں 501 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 866 تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تین ادویات کا امتزاج کورونا سے جلد صحت یاب ہونے میں مدد دیتا ہے، رپورٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 284 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 243، پنجاب میں 234، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار 700  ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر تین لاکھ 44 ہزار 450  ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں