عراق میں پھنسے 250 سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے


اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کولے کر وطن پہنچ گیا ہے۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 710  کے ذریعے 250 سے زائد مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ مسافر آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ملازمت کرتے تھے اور کئی ماہ سے عراق میں پھنسے تھے۔

مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کے بعد انہیں سوہاوہ اور جہلم کےقرنطینہ مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتیں واپس لا رہی ہے، ترجمان

گزشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچی تھی۔

پی آئی اے کے خصوصی طیارے میں 237 پاکستانی وطن پہنچ گئے، انتظامیہ نے تمام مسافروں کو ابتدائی اسکریننگ کے بعد قرنطینہ منتقل کردیا۔

قبل ازیں پی آئی اے  نے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کیا تھا،  پی آئی اے کی پرواز کل 14 مئی کو ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔

ہفتہ کے روز پی آئی اے کی ایک اور پرواز مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔

18 مئی کو پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 250  پاکستانیوں کو فیصل آباد لائے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کے لیے آپریٹ ہو گی۔

خیال رہے کہ پی آئی اے نے مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے اب مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم نہیں کرے گی

پی آئی اے حکام کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب، مسقط اور عمان کی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا۔

حکام نے کہا کہ یہ پابندی کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت عائد کی گئی ہے۔

پی آئی اے کی مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی بندش کے احکامات فلائٹ سروسز کی جانب سے جاری کیے گئے۔

قومی ایئر لائن کے حکام کا کہنا ہے کہ دوران پرواز مسافروں کو پانی ، سافٹ ڈرنک اور جوس فراہم کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں