محکمہ خوراک کی کارروائیاں، گندم کی ہزاروں بوریاں برآمد

محکمہ خوراک کی کارروائیاں، گندم کی ہزاروں بوریاں برآمد

فوٹو: فائل


ملتان: محکمہ خوراک نے جنوبی پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں بوریاں قبضے میں لے لیں۔

محکمہ خوراک نے جنوبی پنجاب میں ذخیرہ اندوزں کے خلاف مختلف کارراوئیوں کے دوران گندم کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) میں کارروائی کے دوران 100 کلو گرام کی 10 ہزاربوریاں قبضے میں لی گئیں۔

اسی طرح محکمہ خوراک نے کارروائی کرتے ہوئے بہاولنگر سے 3 ہزار اور لیہ سے 2 ہزار بوریاں قبضے میں لے لیں۔ ملتان میں کارروائی کے دوران 20 ہزار من گندم پکڑی گئی جبکہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

صوبائی وزیر علیم خان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزں کے خلاف موقع پر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور کسی کو بھی گندم ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دیں گے۔

گزشتہ ہفتے بھی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے دوران 5 ہزار 760 بوری گندم برآمد ہوئی تھیں۔

اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مطابق ماچھی گوٹھ کے قریب گودام میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے ہزاروں کی تعداد میں ذخیرہ کی گئی گندم کی بوریاں برآمد ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو ذخیرہ اندوذی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے، بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید تیز اور موثر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعلیٰ پنجاب کا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

اجلاس میں گندم ، پیاز ، ٹماٹر اور دیگر اشیا کی مشرقی و مغربی سرحدوں کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں