لاک ڈاوَن کے بعد شہباز شریف کیلئے لاک اپ کا پروگرام ہے، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لاک ڈاوَن کے بعد شہباز شریف کے لیے لاک اپ کا پروگرام ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) جھاڑو پھیر دے گا اور چھوٹی عید کے بعد دونوں طرف گرفتاریاں ہوں گی۔ لاک ڈاوَن کے بعد شہباز شریف کے لیے لاک اپ کا پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ مونس الہیٰ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے تو ان کو اپنے دفاع کا حق ہے۔ چوہدری سمجھدار ہیں گیلی جگہ پر پاوَں نہیں رکھتے۔

شیخ رشید احمد نے کہا حزب اختلاف کی دونوں جماعتیں نیب قوانین میں تبدیلی چاہ رہی ہیں لیکن میں نیب قانون میں ترمیم پر حمایت نہیں کروں گا کیونکہ نیب کے قوانین میں ترمیم کرنے سے پیغام جائے گا کہ ہم خوف زدہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے ٹریک پر خود پھنس گئے ہیں انہیں کاغذ لانے کی اجازت نہیں ملے گی۔ چوروں اور لٹیروں کو کھینچ کے رکھنا چاہیے۔ دو بڑی حزب اختلاف کی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں دم ہی نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ جہاز اور بسوں کو چلانے کی اجازت دی گئی ہے تاہم ریلوے چلانے کی اجازت نہیں ملی، اگر ریلوے کو اجازت مل گئی تو لوگوں کو گھروں تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیر تک ٹرینیں چلانے کی اجازت دے دی جائے تو بہتر ہے نہیں تو رش کنٹرول نہیں ہو گا۔ اب تک 24 کروڑ روپے کےآن لائن ٹکٹ خریدے جا چکے ہیں اور اگر اجازت نہ ملی تو 24 کروڑ روپے واپس کرنے پڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیں ہم 15کروڑ لوگوں کا خیال نہیں رکھ سکتے،تمام کاروبار کھولیں گے، وزیراعظم

وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرین کے سفر کے لیے ایس او پیز بنا لیے ہیں اور اگر جلد اعلان نہ ہوا تو عید پر ٹرینیں نہیں چلا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منگل تک اجازت ملی تو24 گھنٹے کے نوٹس پر ٹرین چلا دیں گے اور اگر ٹرینیں نہ چلیں تو عید کے 15 روز بعد ٹکٹوں کے پیسے واپس کریں گے۔


متعلقہ خبریں