’کورونا کے خطرات بدستور موجود ہیں سب کو احتیاط کرنی ہوگی‘

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کےخطرات بدستور موجود ہیں، اس سے بچاؤ کے لیے سب کو احتیاط کرنی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے کورونا کے تناظر میں کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کی،اور کورونا سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم کی قیادت میں مشترکہ طور پر فیصلے کیےگئے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پرعمل درآمد کرنے میں ہی تحفظ ہے، عوام گھروں میں رہیں گے تو ہی کورونا کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب یونیورسٹی نے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر پوری نظر ہے، معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 799 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 834 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 880 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 14 ہزار 201 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 916 ہے۔

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 678، بلوچستان میں دو ہزار 457، آزاد کشمیر میں 108 اور گلگت بلتستان میں 518 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 921 تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 291 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 255، پنجاب میں 245، بلوچستان میں 31، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔


متعلقہ خبریں