قومی ائر لائن کا فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی ائر لائن کا 51 روز بعد فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔

قومی ائر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کراچی سے 84 مسافروں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہو گئی۔ پرواز میں مسافروں کو ایک سیٹ چھوڑ کر بٹھایا گیا۔

لاہور روانگی سے قبل ائرپورٹ پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا گیا اور مسافروں کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا تھا۔ پرواز سے قبل مسافروں کا ٹیمپریچر بھی چیک کیا گیا۔

لاہور سے کراچی واپسی کی پرواز شام چار بجے روانہ ہوئی۔ شیڈول کے مطابق کراچی سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ہفتہ وار 68 پروازیں چلائی جائیں گی۔

اسلام آباد سے 32 پروازیں، لاہور سے بھی 32 پروازیں اڑان بھریں گی۔ پشاور سے ہفتہ وار 4 اور کوئٹہ سے 6 پروازیں چلائی جائیں گی۔

بین الاقوامی پروازیں 31 مئی تک بند رہیں گی۔ خصوصی پروازوں، کارگو اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت نے 26 مارچ کو ڈومسٹنگ فلائٹس آپریشن معطل کردیا تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 799 تک پہنچ چکی ہے۔ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 834 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 880 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب میں آٹو انڈسٹری اور شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 14 ہزار 201 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 916 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی۔ اب تک ملک میں 834 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں