اگلے ہفتے سے ٹائیگر فورس سندھ کی گلی گلی میں نظر آئے گی، عثمان ڈار


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے سندھ حکومت سے ٹائیگر فورس سے متعلق خط میڈیا کو جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں عثمان ڈار نے کہا ہےکہ چیف سیکریٹری نے سندھ کے ڈپٹی کمشنرز کو ٹائیگر فورس سے خدمات لینے کیلئے خط لکھا ، ناصر شاہ صاحب اسے میڈیا میں جاری کریں۔

سندھ حکومت کا ٹائیگر فورس سے کام لینے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری نے کہا کہ سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کے ساتھ کام کرنے سے معذرت کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی نیت درست نہیں ہے تو ہم نے بھی پوری تیاری کر رکھی ہے،اگلے ہفتے سے ٹائیگر فورس سندھ کی گلی گلی میں نظر آئے گی۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کردہ  ٹائیگر فورس سے کام لینے کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا تھا۔

اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا تھا کہ اگر ٹائیگر فورس کوشامل کریں گے تو بہت سے سیاسی مسائل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ٹائیگر فورس سیاسی ہے،راشن تقسیم کے دوران کوئی سیاست نہیں چاہتے،کسی بھی حکومت کی سیاسی فورس کو شامل نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں راشن کی تقسیم کا کام کسی مشکل کے بغیر جاری ہے ،چیف سیکریٹری سندھ سے نوٹی فکیشن جاری کرنے پر وضاحت مانگی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس قائم کی تھی جس میں اب تک لاکھوں نوجوان رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

گزشتہ دنوں ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا تھا کہ  کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ملک کی رضا کار فورس ہو گی۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس وبا سے لڑنے کے لیے مشکل حالات میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کرے گی۔

ٹائیگر فورس کےنام پر ایشو نہیں بنانا چاہیے، گورنر پنجاب

وزیراعظم عمران خان نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کا اعلان کیا تھا جو مشکلات میں گھرے عوام الناس کی مدد کا فریضہ سر انجام دے گی۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں