کراچی: کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق، 559 متاثر

سندھ: کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 312 مریضوں کی حالت تشویشناک

کراچی: شہر قائد کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 559 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار924 ہوگئی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں اموات کی تعداد 226 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 799 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 834 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 880 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 14 ہزار 201 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 916 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 678، بلوچستان میں دو ہزار 457، آزاد کشمیر میں 108 اور گلگت بلتستان میں 518 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 921 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 291 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 255، پنجاب میں 245، بلوچستان میں 31، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر تین لاکھ 59 ہزار 264  ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں