سندھ: ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال


کراچی: کورونا لاک ڈاون کے سبب مشکلات کا شکار ٹرانسپورٹرز کے لیے سندھ حکومت نے ریلیف پیکج دینے کی تیاری کرلی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے وزیراعلیٰ کو ارسال کی گئی سمری میں بسوں، رکشہ، ٹیکسی اور مال بردار گاڑیوں کو ٹیکس فیس میں رعایت دینے کی سفارش کی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرانسپورٹرز کے لیے عارضی بنیادوں جرمانوں میں 50 فیصد کمی کی سفارش کی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی جانب سےوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کی گئی سمری میں موٹر وہیکل انسپکشن فیس میں 40 فیصد کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے موٹر وہیکل ٹیکس میں پہلے ہی 25 فیصد رعایت دی جاچکی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے موٹر وہیکل ٹیکس میں رعایت سے فائدہ اٹھانے کیلئے کیٹیگری میں مزید گاڑیاں شامل کرنے اور روٹ پرمٹ فیس بھی 50فیصد کم کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی سمری کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ دیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ میں انٹر سٹی اوربین الصوبائی ٹرانسپورٹ 23مارچ سے بند ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق صوبوں کی الگ الگ آراء سامنے آگئی ہیں۔ سندھ اور بلوچستان نے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر نہ کھولنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

گزشتہ روز وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادرشاہ کا کہنا تھا کہ لگتا نہیں وفاق اپنے ہی فیصلوں پر عمل کررہاہے۔ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر نہیں کھول سکتے۔

وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق ماہرین سے بات چیت کریں گے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق فیصلہ وزیراعلیٰ کریں گے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنےسےمتعلق ٹرانسپورٹرز سے بات چیت ہورہی ہے۔ بلوچستان میں تاجروں نے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا۔ ٹرانسپورٹرز سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کراسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش سے معاشی نقصان ہوا

گزشتہ روز صوبائی وزیر خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق اختیارات کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو دے رہے ہیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے


متعلقہ خبریں