وزیراعظم ہاؤس کے 4 اسٹاف ممبرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ذرائع


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم وزیراعظم ہاؤس کے 4 اسٹاف ممبران کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کے تمام ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جن میں سے چار کا مثبت آگیا۔

ذرائع کے مطابق  کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر چاروں اہل کاروں کو قرنطینہ بھیج دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد زیراعظم ہاوَس میں تمام احتیاطی تدابیر اور ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس مقامی طور پر تیزی سے منتقل ہورہا ہے اور ملک میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 799 ہو گئی ہے۔

ہم نیوزکے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے سبب 834 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دس ہزار 880 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 14 ہزار 201 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 14 ہزار 916 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں پانچ ہزار 678، بلوچستان میں دو ہزار 457، آزاد کشمیر میں 108 اور گلگت بلتستان میں 518 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 921 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 291 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 255، پنجاب میں 245، بلوچستان میں 31، اسلام آباد میں 07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا تھا۔

آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر تین لاکھ 59 ہزار 264  ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں