کورونا وائرس، فرنٹ لائن پر لڑتی پاکستانی نژاد برطانوی جاں بحق


لندن: برطانیہ میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتی پاکستانی نژاد برطانوی جاں بحق ہو گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 30 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی صفاعالم برمنگھم کے وومن اینڈ چلڈرن این ایچ ایس ٹرسٹ میں بطورمڈ وائف خدمات سرانجام دے رہی تھیں۔

دو ہفتے قبل صفا عالم کے والد مشتاق افصار بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہو گئی ہے.

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 18 لاکھ 11 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 07 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 90 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 76 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار5 سو سے بڑھ گئی ہے۔

مزید پڑھیں معروف پروفیسر اے آر جمالی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 24 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 31 ہزار7 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 40 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 34 ہزار4 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔


متعلقہ خبریں