شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

فائل فوٹو


لاہور:  صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مطالبہ کیا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف نیب تحقیقات میں انکشافات کی بنیاد پر انکا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حقیقی معنوں میں کرپشن اور ٹی ٹی کے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا اور ان کے پاس نیب تحقیقات اور شہزاد اکبر صاحب کے سوالات کا کوئی جواب نہیں۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ن لیگی تیس مار خاں اپنے آقاؤں پر کرپشن الزامات کے جواب میں بغلیں جھانک رہے ہیں۔ ہمیں امید نہیں کہ شہباز شریف مسرور انور خان اینڈ نثار ٹریڈنگ سے ٹرانزیکشنز کا جواب دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کیخلاف جو شواہد ہیں ان سے بچنا آسان نہیں، شہزاد اکبر

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے کرپشن، منی لانڈرنگ کی الگ دنیا بنائی ہوئی تھی اور احتساب کی باری آتے ہی ملک کا اپوزیشن لیڈر بھیگی بلی بن گیا ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا شہباز شریف کو ملنے والی کک بیکس کا مکمل ٹریل موجود ہے اور وزیراعظم عمران خان بھی  بارہا کہہ چکے ہیں کہ کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر بھی کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف کے خلاف جو شواہد ہیں ان سے بچنا آسان نہیں ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ10 سال کے دوران شریف خاندان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کے خلاف 10 سالہ دور اقتدار کی تحقیقات کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن کے نام پر کمپنیاں بنیں ان کی تنخواہ 18 سے 60 ہزار روپے ہے اور ملازمین کی کمپنیوں میں اربوں روپے کی رقم جمع کرائی گئی۔


متعلقہ خبریں