گندم کا ہدف پورا کرنے کیلئے حکومت کی جانب سےآٹاملوں پر چھاپوں کا انکشاف

گندم کا ہدف پورا کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے فلور ملوں پر چھاپوں کا انکشاف

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان فلورملزایسوسی ایشن نے سوموار سےغیرمعینہ مدت کیلیے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

مل مالکان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ گندم کی خریداری میں ناکام ہے اور اب ملز میں موجود گندم جبری طور پر اٹھائی جا رہی ہے جب کہ محکمہ خوراک نے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔

چیئرمین فلورملزایسوسی ایشن عبدالروف مغل نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے اور اس بارمطالبات تسلیم کیے جانے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

فلورملزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی جانب سے مسلسل ملوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں جس کے خلاف ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

ملوں کو 72 گھنٹے پسائی کیلئےگندم مل میں رکھنے کی اجازت تھی جب کہ موجودہ صورت حال میں ملز کے پاس 48 گھنٹے کی گندم بھی موجود نہیں۔

گزشتہ محکمہ خوراک نے جنوبی پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں بوریاں قبضے میں لے لی تھیں۔

محکمہ خوراک نے جنوبی پنجاب میں ذخیرہ اندوزں کے خلاف مختلف کارراوئیوں کے دوران گندم کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) میں کارروائی کے دوران 100 کلو گرام کی 10 ہزاربوریاں قبضے میں لی گئیں۔

اسی طرح محکمہ خوراک نے کارروائی کرتے ہوئے بہاولنگر سے 3 ہزار اور لیہ سے 2 ہزار بوریاں قبضے میں لے لیں۔ ملتان میں کارروائی کے دوران 20 ہزار من گندم پکڑی گئی جبکہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

بلوچستان میں بھی فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملز بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ فلور ملز مالکان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان نہ تو محکمہ خوراک کے ذریعے خریداری کرتی ہے اور نہ ہی فلورملز کو اجازت دیتی ہے۔

رواں سال کیلئےحکومت بلوچستان نے صرف 10لاکھ بوری گندم خریدنے کا ٹارگٹ دیا جوکہ صوبے کی ضرورت کے مطابق بہت کم ہے۔


متعلقہ خبریں