’بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو پاکستان کے ساتھ جوڑ کرفالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے اور اپنی ریاستی دہشتگردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔


اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ مودی کا مقبوضہ کشمیر کے بارے میں آر ایس ایس سے متاثر نظریہ واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے قبضے کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کیا، مودی سرکار کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کرکے غیر انسانی سلوک کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کشمیریوں کوحق خودارادیت سےمحروم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو انسانیت سے بھی کم تردرجہ دیا جا رہا ہے اور انہیں طاقت کے ظالمانہ استعمال سے دبایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کوخورک اورادویات جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا جارہا ہے اور نوجوان نسل کی وسیع پیمانے پرگرفتاریاں جاری ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مواصلات بند کرکے کشمیریوں کوباقی دنیا سے کاٹ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کودہشتگردی سے منسلک کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد قانونی ہے اور اس کی جنرل اسمبلی نے گارنٹی دی ہے۔


متعلقہ خبریں