لاہور: انٹر سٹی، بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور چرچ کھولنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری



لاہور: پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ نے انٹر سٹی، بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور چرچ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ انٹر سٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز سے مشروط اجازت دی گئی ہے، انٹر سٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چل سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے امور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سپرد

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مسیحی برادری کی عبادت گاہیں بھی اتوار کے روز کھولی جا سکیں گی، چرچ ہر اتوار صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے اور چرچ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا۔

پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تندور، بیکری اور آٹا چکی ہفتہ بھر صبح 2 سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ گروسری، جنرل اسٹور،کریانہ اسٹور اور سبزی منڈی بھی انہی اوقت میں کھلی رکھی جائیں گی۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ گوشت کی دکانیں اور ورکشاپس بھی صبح 9 سے شام5 بجے تک کھلے رہیں گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ سخت کاروائی کرے گی۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کا ٹکٹ خریدنے والے ایک دوسرے سے تین فٹ کا لازمی فاصلہ رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: آل پاکستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن کا حکومتی ایس اوپیز پر ٹرانسپورٹ چلانے سے انکار

ہم نیوزکے مطابق انہوں نے یہ ہدایت پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کے خواہش مند مسافروں اور بس مالکان کے لیے جاری کردہ ایس او پیز میں دی ہیں۔

صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام مسافر بسوں کے ایک دروازے سے داخل ہوں گے اور دوسرے دروازے سے باہر نکلیں گے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کے لیے جاری کردہ ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ ہوا کے لیے گاڑیوں کی کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق جاری کردہ ایس او پیز کے تحت بس ٹرمینل اور گاڑیوں میں ہینڈ سینیٹائزر لازمی موجود ہو گا۔

ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ بخار یا نزلے والے مسافروں کو بس میں سفر کی اجازت نہ دی جائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ مسافروں کے پاس ماسک لازمی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا سوموار سے شاپنگ مالز کھولنے کا اعلان

پنجاب کے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق بس میں داخل ہوتے وقت مسافروں کے درمیان تین فٹ کا لازمی فاصلہ رکھا جائے اور دوران سفر بس میں اے سی چلانے سے گریز کیا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق جاری کردہ ایس او پیز کے تحت سفر سے قبل بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر کا بخار چیک کیا جانا ضروری ہے۔

ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈرائیور اورکنڈیکٹر سفر کے دوران ماسک اور گلوز کا لازمی استعمال کریں۔


متعلقہ خبریں