سندھ میں کورونا کیسز17ہزار سے بڑھ گئے



کراچی: سندھ میں کورونا کیسز کی تعدا17 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور صرف کراچی میں 13 ہزار212 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران سندھ بھرمیں 864 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 17 ہزار دو سو 41 ہوگئی ہے۔

کراچی میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 657 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے سبب مزید3 مریض انتقال کرگئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 280 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کوورونا وائرس کے سبب سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جب کہ اموات کی تعداد خیبرپختونخوا میں زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا: پاکستان میں 903 اموات، 42 ہزار 125 افراد متاثر

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 15 ہزار 346 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 61، بلوچستان2 ہزار 692، آزاد کشمیر 112 اور گلگت بلتستان 540 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 997 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی۔ اب تک ملک میں 903 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

پاکستان میں مجموعی طور پر تین لاکھ 87 ہزار 335  ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور کورونا کیسز کی تعداد42 ہزار125 ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 318 اموات ہوئی ہیں جب کہ پنجاب میں 260، بلوچستان36، اسلام آباد07 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے جاں بحق ہوئے۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔


متعلقہ خبریں