اسلام آباد: شاپنگ مال، حجام اور سیلون کھل گئے


وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تمام شاپنگ مال، حجام اور سیلون کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عدالت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ شاپنگ مالز، حجام اور سیلون ایک ہفتے کیلئے کھولے جائیں گے۔

سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ ملک بھر میں چھوٹی مارکیٹیں پورا ہفتہ کھلی رکھی جائیں جب کہ شاپنگ مالز کو صرف سات کھولا جائے۔

کورونا وائرس سے متعلق ازخودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا وبا نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتہ اور اتوار کو نہیں آئے گی؟ کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں؟

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ کا ہفتہ اور اتوار کو بھی چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم

سپریم کورٹ نے ہفتہ اتوار کو کاروبار بند رکھنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دو دن کاروبار بند رکھنے کا حکم آئین کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پنجاب میں شاپنگ مال فوری طور پر آج ہی سے کھلیں گے اور سندھ شاپنگ مال کھولنے کے لیے وزارت صحت سے منظوری لے گا۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ عدالت توقع کرتی ہے کہ وزارت صحت کوئی غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی، تمام مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری متعلقہ حکومتوں پر ہوگی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے شاپنگ مالز میں 30فیصد لوگ ونڈو شاپنگ کرتے ہیں۔ چھوٹی دکانوں کو کھلا رہنے دیں، ایسا نہ ہو لوگ بھوک سے مر جائیں۔

سندھ کی ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ مارکیٹوں میں رش پڑ جاتا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عید پر خریداری کے لیے رش تو ہوگا۔ جسٹس مظہر عالم نے استفسار کیا کہ باقی مارکیٹیں کھلی ہوں گی تو شاپنگ مالز بند کرنے کا کیاجواز ہے؟


متعلقہ خبریں