وزارت ریلوے کا20مئی سے ٹرینیں چلانےکااعلان


راولپنڈی: وزارت ریلوے نے عید کے موقع پر مسافروں کو اپنے آبائی علاقوں میں پہنچانے کیلئے20مئی سے ٹرینیں چلانےکا اعلان کیا ہے۔

وزیرریلوےشیخ رشید نے بتایا کہ بدھ سےٹرینیں چلیں گی اور وزیراعظم نےاس منظوری دے دی ہے۔ حکومت کی جانب سے 15اپ اور15 ڈاوَن ٹرینیں چلانےکی منظوری دی گئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ایس اوپیزکے ساتھ 30ٹرینیں چلانےکی منظوری دی ہے اور اگر یکم جون تک حالات بہترہوئے توتمام ٹرینیں چلا دیں گے۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ ایس اوپیزکی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کےخلاف کارروائی ہوگی۔ ریلوے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ میری کسی صوبے سے لڑائی نہیں میں وزیراعلیٰ سندھ سےخودبات کروں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگوں نے پہلے سے ہی 24 کروڑ روپے کی بکنگ کرا رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’ اگر ٹرینیں کھلیں تو پھر کورونا کے ایک لاکھ سے اوپر کیسز ہو جائیں گے‘

خیال رہے کہ ٹرینیں چلانے کے معاملے پر حکومت سندھ کو تحفظات ہیں۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ  کراچی میں فی الحال ٹرین نہیں چلے گی اور ایسا کرنے سے کوروناوائرس کے کیسز میں اضافہ ہوگا۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ ٹرینیں چلی تو پھر کورونا وائرس پر کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا، کراچی میں ہر صوبے کی عوام بستی ہے ریلوے اسٹیشنز پر ہجوم بڑھ جائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے میں کسی صوبے کا محتاج نہیں اور نہ وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کا پابند ہوں۔ میں ٹرینیں چلانے کے متعلق کبھی بھی فیصلہ کر سکتا ہوں، ایسا نہیں ہو سکتا آپ تمام سواریوں کو اجازت دیں اور ریلوے کو نہ دیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 24 مارچ سے ٹرین اور دیگر ذرائع آمدورفت پر پابندی لگائی گئی تھی تاہم عید الفطر قریب آتے ہی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ بسیں چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لو اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں۔

 


متعلقہ خبریں