اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کی رقم ناظر کے پاس جمع کرانے کا حکم


کراچی: پاکستان اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو رقم کی ادائیگی کے حوالے سے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ نے ادا کی جانے والی رقم ناظر کے پاس جمع کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

عدالت نے پاکستان اسٹیل ملزانتظامیہ سے تمام ریٹائرڈ ملازمین کی فہرست بھی 2 ہفتوں میں طلب کرلی ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو دس فیصد ادائیگیوں کی رقم جاری کردی گئی ہے، باقی 90 فیصد رقم سال 2020 اور 2021میں مختص کی جائے گی۔

اس پر عدالت نے باقی 90 فیصد رقم 31 آگست 2020 تک ناظر کے  پاس جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم جاری کیا کہ جن ملازمین نےعدالت سے رجوع نہیں کیا ہے ان کے نام اور10 فیصد رقم ناظر کے پاس 31 مئی تک جمع کرائی جائے۔

گزشتہ سال اگست میں وقاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے  پاکستان اسٹیل ملز پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے 355 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

مزید پڑھیں: نجکاری کمیٹی: 27 حکومتی ملکیتی اداروں و جائیدادوں کی نیلامی کی اجازت دیدی

اجلاس میں وزارت خزانہ کو مالی سال 20-2019 میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 4,097 ملین روپے  مختص کیے تھے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان  نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سالہا سال سے سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے تاکہ جہاں سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ کو ختم کیا جا سکے وہاں ادارے کو فعال بنا یا جائے تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔


متعلقہ خبریں