بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پرایک بارپھربلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریللیز کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ججوٹ گاوَں پرخود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس  سے شہری شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی شہری کوابتدائی طبی امداد مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں رکھ چکری اور نیزہ پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس سے چھ شہری زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے مارٹر گولوں اور توپخانے سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے کرنی دیگوارنار اور مینڈھارگاوَں کے 6 شہری شدید زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں 3 لڑکیاں اور ایک خاتون بھی شامل تھیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

17 مئی کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 37 سالہ شہری محمد شفیع زخمی ہوا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے  مطابق بھارت رواں سال جنگ بندی کی ایک ہزار 81 مرتبہ خلاف ورزیاں کر چکا ہے اور بھارتی فورسز مسلسل شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے تاہم بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 6 شہری شدید زخمی

رواں ماہ کے آغاز پر بھارتی فوج نے حاجی پیر، سنکھ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جہاں مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے گئے تھے جبکہ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثرجواب دیا۔

اس وقت بھی پاکستان نے سینئر بھارتی سفارتکار کی وزارتِ خارجہ طلبی کر کے بھارت سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے ملحقہ علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 30 سالہ خاتون نسرین اختر شدید زخمی ہوئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی رویہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، بھارت 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔


متعلقہ خبریں