بلوچستان میں دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کے 7 جوان شہید


راولپنڈی: بلوچستان کے دو مختلف واقعات میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں ایف سی کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ ایف سی کی گاڑی معمول کی پٹرولنگ ڈیوٹی سے واپس آ رہی تھی۔

بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردوں سے پاک فوج کے اہلکاروں کی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سپاہی شہید ہو گئے۔

دونوں واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار بھی شہدا میں شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ 2 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے خیسورہ اور دو سالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے لاس نائیک عبدالوحید اور سپاہی سکم داد جام شہادت نوش کر گئے۔ لاس نائیک عبدالوحید کی عمر 29 سال اور تعلق مظفر آباد سے تھا جبکہ سپاہی سکم داد کی عمر 33 سال اور تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے تھے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔


متعلقہ خبریں