آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی چیف جسٹس سے اسکول کھلوانے کی درخواست


اسلام آباد: آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لے کر اسکول کھلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد اسکول کھولنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے والدین کو فیسوں میں 20 فیصد رعایت دی، چند اسکول ایسے ہیں جو رعایت نہیں دے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: آل پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کی یکم جون سے اسکولز کھولنے کی اپیل

آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ٹیکسز کا بوجھ پرائیوٹ اسکول برداشت کر رہے ہیں، ملک میں جو تعلیم کا معیار ہے وہ صرف نجی اسکولوں کی وجہ سے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم سے اپیل کرتے ہیں کہ عید کے فوری بعد اسکول کھولے جائیں،  اسکول مسلسل بند رکھنے سے چھوٹے اسکول مالی  بحران کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل آل پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے حکومت سے یکم جون سے اسکولز کھولنےکی اپیل کی تھی۔

اس ضمن میں جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ حکومت  یکم جون سے اسکولز کھولنے اجازت دے اور اسکولز کھولنے سے متعلق ایس اوپیز جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی طرف سے اعلان نہ ہوا تو خود ایس او پیز جاری کر کےاسکولز کھول دیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش سے10 لاکھ لوگ بےروزگار ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن کی وجہ سے 2 کروڑ طلبا متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت نے اسکول فیسوں میں رعایت کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام بورڈز کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کے بعد وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ قبل ازیں 13 مئی کو تعلیمی ادارے کھولنے جب کہ جون اور جولائی میں امتحانات لینا کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہونے کے سبب ایسے فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں