کورونا وائرس، سندھ میں اموات کی تعداد 299 تک پہنچ گئیں، وزیر اعلیٰ سندھ


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا سے اب تک 299 اموات ہو چکی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 19 اموات ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 135 کورونا کے مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس کے 558 نئے کیسز سامنے آئے۔ جن میں ضلع جنوبی سے 134، ضلع شرقی سے 131، ضلع وسطی سے 105 نئے کیسز سامنے آئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضلع غربی سے 72، ضلع ملیر اور ضلع کورنگی سے 58 ،58 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔ آج کورونا کے 252 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔

پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار 966 ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 939 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 12 ہزار 489 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 15 ہزار 976 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 17 ہزار 241 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 230، بلوچستان میں 2 ہزار 820، آزاد کشمیر میں 115 اور گلگت بلتستان میں 550 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 1,034 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 334 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 280، پنجاب میں 273، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 09 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا۔


متعلقہ خبریں