مالکان، فنکاروں کی پنجاب حکومت سے تھیٹر کھولنے کی درخواست


لاہور: تھیٹر مالکان اور فنکاروں نے پنجاب حکومت سے عیدالفطر پر تھیٹر کھولنے کی اجازت کی درخواست کردی۔

اس حوالے سے تھیٹر مالکان اور فنکاروں سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے گورنر ہاوس میں ملاقات کی اور تھیٹر سے منسلک افراد کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں فنکاروں میں نسیم وکی ، سرفراز وکی ، طاہر انجم، پرویز خان، آصف اقبال جبکہ تھیٹر پروڈیوسرز میں قیصر ثنااللہ ، ارشد چودھری، ملک طارق اور ندیم پہلوان شامل تھے۔

دوران ملاقات وفد نے گورنر پنجاب چودھری محمدسرور کو تھیٹر کے مسائل سے آگاہ کیا۔ تھیٹرمالکان نے ایس او پیز کے مطابق عید پر تھیٹر کھولنے کی درخواست کردی۔

گورنرپنجاب چودھری محمد سرور نے تھیٹر مالکان اور فنکاروں سے فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب: ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے لیے ایس او پیز جاری

خیال رہے کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کے اجلاس میں پنجاب بھر میں شاپنگ مالز اور پلازے صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ کورٹس، اسٹالز، ریسٹورنٹس وغیرہ عید تک بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹس عید کے بعد کھلیں گے اور دن اور اوقات کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں، کاروبار اور مارکیٹیں بھی صبح 9 بجے سے شام 5 تک کھولی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے دوران اگر پولیس اہلکاروں کو بیماری وغیرہ ہوجائے تو انہیں خصوصی الاوَنس ملے گا۔ کورونا وائرس سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو شہدا پیکج ملے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوگوں کے لیے پرہجوم مقامات پرمنہ اورناک ڈھانپنا لازمی ہوگا۔

اجلاس میں کورونا کے مریضوں کے لیے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں اور ہیلتھ  پروفیشنلزکے مسائل سننے کے حوالے سے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

خیال رہے کہ کورونا پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد گزشتہ روز انصاف ٹرانسپورٹ فیڈریشن پنجاب نے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے بسوں کے کرایوں میں 15 فیصد کمی  کا اعلان کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں