ٹرین آپریشن 56 روز بعد بحال کر دیا گیا


لاہور: ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ٹرین آپریشن 56 روز بعد بحال کر دیا گیا۔

لاہور ریلوے اسٹیشن پر آج اپ اور ڈاون کی 22 ٹرینوں سے مسافر روانہ ہوں گے۔ لاہور سے مسافر ملتان، سکھر، روہٹری، کراچی، کوئٹہ، پشاور کے لیے روانہ ہوں گے۔

لاہور سے پہلی ٹرین سبک رفتار صبح ساڑھے سات بجے راولپنڈی روانہ ہوگئی جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس ساڑھے 9 بجے کراچی سے لاہور پہنچے گی۔

راولپنڈی سے سبک رفتار ٹرین دوپہر 12 بجے لاہور پہنچے گی اسی طرح علامہ اقبال ایکسپریس 12 بج کر 15 منٹ پر لاہور سے کراچی روانہ ہو گی اور شاہ حسنین ٹرین 2 بجکر 30 منٹ پر کراچی سے لاہور آئے گی۔

گرین لائن ٹرین 3 بجکر 15 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچے گی اور عوام ایکسپریس 4 بجکر 45 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچے گی جبکہ تیز گام ٹرین 12 بجکر 45 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچے گی۔

اسلام آباد ایکسپریس شام 6 بجے لاہور سے راولپنڈی روانہ ہو گی اور راولپنڈی سے واپس اسلام آباد ایکسپریس رات ساڑھے10 بجے لاہور پہنچے گی۔

وزارت ریلوے نے عید کے موقع پر مسافروں کو اپنے آبائی علاقوں میں پہنچانے کے لیے 20 مئی سے ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بدھ سے ٹرینیں چلیں گی اور وزیر اعظم نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت کی جانب سے 15 اپ اور 15 ڈاوَن ٹرینیں چلانے کی منظوری دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’ اگر ٹرینیں کھلیں تو پھر کورونا کے ایک لاکھ سے اوپر کیسز ہو جائیں گے‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ایس او پیزکے ساتھ 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے اور اگر یکم جون تک حالات بہتر ہوئے تو تمام ٹرینیں چلا دیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایس او پیزکی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ریلوے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ میری کسی صوبے سے لڑائی نہیں میں وزیر اعلیٰ سندھ سے خود بات کروں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگوں نے پہلے سے ہی 24 کروڑ روپے کی بکنگ کرا رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں