کراچی: ٹرانسپورٹرز کا آج سےانٹرسٹی بس سروس چلانےکا اعلان



کراچی: ٹرانسپورٹرزنے آج سے کراچی میں انٹر سٹی بس چلانے کا اعلان کیا ہے اور پہلی بس کینٹ سے شام ساڑھے 4 بجے روانہ ہوگی۔

صدر انٹرسٹی بس اونرز ایسوسی ایشن رب نواز نے بتایا کہ سندھ حکومت نے تاحال اندرون شہر بسیں چلانے کا فیصلہ نہیں کیا جس کے سبب ٹرانسپورٹرز کا نقصان ہو رہا ہے۔

بس اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نقصانات کے سبب گاڑیاں آج سے چلائی جائیں گی اور کراچی بھر کے 8 اڈوں پر عملہ کو تیاری کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرین آپریشن 56 روز بعد بحال کر دیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ملازمین کو اجرت دینے کیلئے بس مالکان کے پاس پیسے نہیں ہیں، سینکڑوں بس ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز بے روزگار ہیں۔ بس اونرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ اپنے ملازمین کو اجرت دینے کیلئے گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹر سٹی بس مالکان نے سندھ حکومت کو یقین دہائی کرائی ہے کہ اگر ایس او پیز بناکر دیئے جائیں تو ان پر عمل کیا جائے گا۔

بس مالکان کا کہنا ہے کہ ہمارے شعبے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو تنخواہ نہیں دی جاتی بلکہ مختلف شہروں میں سفر کرنے والی ہر بس کے ایک چکر پر انہیں پیسے دیئے جاتے ہیں۔ بسیں نہ چلنے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد بہت پریشان نظر آرہے ہیں۔

صدر انٹرسٹی بس اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوسرے شعبوں کی طر ح ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہم چاہتے ہیں ملازمین عید کے موقع پر اپنے گھر والوں کیلئے کچھ نہ کچھ خریداری کر سکیں۔

خیال رہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ٹرین آپریشن 56 روز بعد بحال کر دیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے 15 اپ اور 15 ڈاوَن ٹرینیں چلانے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ایس او پیزکے ساتھ 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے اور اگر یکم جون تک حالات بہتر ہوئے تو تمام ٹرینیں چلا دیں گے۔


متعلقہ خبریں