فیس بک نے خریدوفروخت کیلئے نیا پلیٹ فارم متعارف کرادیا

فیس بک نے خریدوفروخت کیلئے نیا پلیٹ فارم متعارف کرادیا

فائل فوٹو


سماجی رابطوں کی مقبول سائٹ فیس بک نے اپنے صارفین کے لیے مختلف اشیاء کی خریدوفروخت کا ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے۔

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوں کی مدد کرنا ہے تا کہ وہ اپنی اشیا یہاں فروخت کر سکیں۔

استعمال کنندگان کو اس نئے پلیٹ فارم کی طرف متوجہ کرنے کے لیے فیس بک ایک نیا آئیکون ’’شاپ‘‘ متعارف کرائے گی، جو اس سائٹ کے پیجز پر آنے والے نوٹیفیکشنز اور پیغامات کے آئیکون کے ساتھ نمودار ہوگا۔

یہ نیا آئیکون اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کی موبائل ایپلی کیشن پر اسکرین کے نچلے حصے میں دکھائی دے گا۔ فیس بک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کا متعارف کردہ نیا پلیٹ فارم آئندہ چند دنوں میں دستیاب ہوگا۔

فیس بک کے متعارف کردہ اس شاپنگ پلیٹ فارم پر استعمال کنندگان مختلف آئٹمز کی تصاویر دیکھ سکیں گے، جو ان کے قریبی اسٹورز پر دست یاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ اپنی مطلوبہ مختلف پروڈکٹس کے بارے میں تفصیلات سرچ بھی کرسکیں گے۔

اس پلیٹ فارم کے وہ استعمال کنندگان جو اپنے آئٹمز فروخت کرنے میں دل چسپی رکھتے ہوں، صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنے آئٹم کی قیمت، وہ جہاں دست یاب ہے اس جگہ کا پتا اور دیگر ضروری تفصیلات اس پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔

مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ فیس بک صارفین کو شاپنگ کیلئے دوسری ویب سائٹس یا ایپلی کیشنز پر جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

’شاپ‘ کا آئیکون شروع میں فیس بک اور انسٹاگرام پر نظر آئے اور بعد میں واٹس ایپ اور فیس بک مسنجر پر بھی دستیاب ہوگا۔
فیس بک کی جانب سے لائیو شاپنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا جس کے ذریعے آپ براہ راست خریداری کر سکیں گے۔

مستقبل میں فیس کی جانب سے کاروباری حضرات کو مشورے بھی دیئے جائیں گے کہ وہ اپنی اشیا کی فروخت میں کیسے اضافہ کر سکتے ہیں۔ فیس بک ’شاپ‘ میں خریدار اور دکاندار واٹس ایپ اور مسنجر کے ذریعے آپس میں رابطہ کر سکیں گے۔


متعلقہ خبریں